ڈھاکہ، پاکستان کے سفیر کی طلبی
حکومت بنگلہ دیش نے سفارتی عملے کے ساتھ مبنیہ زیادتی کے خلاف پاکستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔
ڈھاکہ میں سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے سفارتی عملے کے دو افسران کو چار گھنٹے تک حراست میں رکھنے پر حکومت بنگلادیشن نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیلی ویژن نے پاکستانی سفارت کار کے وزارت خارجہ کے دفتر سے نکلنے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ بنگلہ دیش کے سفارتی عملے کے افسران کی حراست ڈھاکہ میں ایک پاکستانی سفارتی عہدیدار کی حراست کے کچھ گھنٹوں بعد سامنے آئی تھی۔ دونوں جانب کے سفارتی عملے کو کچھ گھنٹوں کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔
مذکورہ دونوں واقعات کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال حکومت بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں مقیم پاکستان کی خاتون سفیر کو جاسوسی اور بعض گروہوں کی مالی معاونت کا الزام لگا کر ملک سے چلے جانے کا حکم دیا تھا۔ اس واقعے کے فورا بعد پاکستان نے ایک بنگلہ دیشی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔