عراق: موصل کی آزادی کے لئے فوج اور عوامی رضاکار فورس کی تیاری مکمل
عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے آپریشنل کمانڈر ابوعلی البصری نے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کی آزادی کا آپریشن مکمل کرنے کی خبر دی ہے۔
ابوعلی البصری نے جمعرات کے دن ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو کے دوران کہا کہ عوامی رضاکار فورس نے موصل کی آزادی کے لئے پلان تیار کر لیا ہے اورعراقی فوج نے بھی اس سلسلے میں ایک پلان تیار کیا ہے، افرادی قوت اور ہتھیاروں کی فراہمی سمیت ضروری آمادگی حاصل کر لی ہے اور اب ہم آپریشن شروع کرنے کے حکم کے منتظر ہیں۔
ابوعلی البصری نے بعض جنگی علاقوں پر داعش کے حالیہ حملوں کے بارے میں کہا کہ گزشتہ برس اٹھائیس دسمبر کو رمادی آزاد ہونے کے بعد سے اب تک دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے ہماری دفاعی لائنوں پر شدید حملے کئے ہیں لیکن ان تمام حملوں میں ان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
ابوعلی البصری نے مزید کہا کہ رمادی کی آزادی کے بعد سے اب تک دہشت گرد گروہ داعش کے ہلاک ہونے والے عناصر کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہے لیکن رپورٹوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ہماری دفاعی لائنوں پر حملے کرنے والے اس دہشت گرد گروہ کے سیکڑوں عناصر ہلاک ہوچکے ہیں۔