سعودی اتحاد کی جارحیت کے بعد، یمن میں القاعدہ کی آمدنی
دہشت گرد گروہ القاعدہ یمن میں تیل کی فروخت سے ہر مہینے ایک سو پچاس ملین ڈالر سے زیادہ آمدنی حاصل کر رہا ہے۔ یمن پریس
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے سابق وزیر ٹرانسپورٹ بدر باسلمہ نے ہفتے کے دن کہا کہ دہشت گرد گروہ القاعدہ، کہ جس نے مشرقی یمن میں واقع صوبہ حضرموت پر قبضہ جما لیا ہے، اس علاقے کے تیل کی فروخت سے ہر مہینے ایک سو پچاس ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کر رہا ہے۔
بدر باسلمہ نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہےکہ القاعدہ نے یمن کے مشرقی ساحلوں میں تیل کی سپلائی کے لئے ٹیکس لگا دیا ہے جس سے اسے ہرمہینے تقریبا تین ملین ڈالر کی آمدنی ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ القاعدہ کو منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ سے جو آمدنی حاصل ہو رہی ہے اس کا اندازہ بھی نو سو تیس ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے اور جنوبی علاقوں پر اس کے قبضے کے بعد، القاعدہ کی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہوگئی ہے یہاں تک کہ القاعدہ نے جنوبی یمن میں واقع عدن اور لحج صوبوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں۔