عراق: الرمادی میں داعش کے زیر قبضہ علاقے سے ہزاروں عام شہریوں کو باہر نکال لیا گیا
عراق کے صوبہ الانبار میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کے کمانڈر نے کہا ہے کہ داعش کے زیر قبضہ علاقے سے تین ہزار سے زائد عام شہریوں کو باہر نکال لیا گیا۔
صوبہ الانبار میں دہشت گردوں کے خلاف خصوصی آپریشن کے کمانڈر میجر جنرل سامی کاظم العارضی کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران داعش کے چالیس عناصر کو الرمادی کے مشرق میں اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ فرار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
عراق کے فوجی کمانڈر کاظم العارضی کے مطابق الرمادی کے مشرقی علاقے جویبہ سے ساڑھے تین ہزار عام شہریوں کو باہر نکال لیا گیا اور انہیں رمادی شہر کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جن افراد کو داعش کے زیر قبضہ علاقے سے باہر نکالا گیا ہے، ان میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد کے مرحلے میں ان سبھی افراد کو الرمادی کے مشرق میں واقع الحبانہ کیمپ میں منتقل کر دیا جائے گا جہاں ان کے لئے ضروریات زندگی کے سارے اسباب مہیا کرائے جائیں گے۔