شام میں فوجی مداخلت بے فائدہ ہے: مصر
مصر کے وزیر خارجہ نے شام میں سعودی عرب کی ممکنہ زمینی فوجی کارروائی کی خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں فوجی کاروائیوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا-
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے جرمنی کے ڈوئچے ویلے ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ شام کا بحران صرف سیاسی مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے- مصر کے وزیر خارجہ نے شام میں جنگ بندی کے تعلق سے میونیخ میں طے پانے والے سمجھوتے کے بارے میں کہا کہ اس سمجھوتے سے شام میں ضرورت مندوں تک انسانی امداد پہنچانے اور تشدد آمیز کارروائیاں بند کئے جانے کے لئے حالات فراہم ہوں گے-
شام کے صدر بشار اسد نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں شام میں سعودی عرب اور ترکی کی مداخلتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق حکومت، شام میں سعودی عرب اور ترکی کی زمینی مداخلت کے امکان کو بعید نہیں سمجھتی ہے- شام کے وزیر خارجہ نے بھی چند روز قبل کہا تھا کہ شام کی حکومت کی اجازت کے بغیر، اس ملک میں کسی بھی قسم کی فوجی مداخلت، جارحیت سمجھی جائے گی اور ہم ہر جارح کو تابوت میں رکھ کر اس کے ملک واپس لوٹا ئیں گے -