یمن کے خلاف سعودی عرب کی بربریت کا سلسلہ جاری
-
یمنی فوج نے سعودی عرب کے علاقے عسیر میں سعودی فوجیوں کی بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردیں-
سعودی عرب کے لڑاکا طیارے عالمی برادری کی خاموشی کی آڑ میں یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کرکے متعدد افراد کو شہید اور زخمی کردیا- ان طیاروں نے یمن کے دارلحکومت صنعا کے مضافاتی علاقے الجدعان پر بمباری کی ہے اوراسی طرح صنعا ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے - سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز کے علاقے الکدرہ میں پانی کے ٹینکوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوگیا-
یمنی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے بھی یمنی عوام کے خلاف آل سعود کی جاری جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی علاقوں جیزان اور نجران میں سعودی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کئے جس میں متعدد سعودی فوجی ہلاک ہوگئے-
یمنی فوج نے سعودی عرب کے علاقے عسیر میں سعودی فوجیوں کی بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ کردیں- در ایں اثنا یمنی فوج نے نجران کی خضرا گذرگاہ میں بھی سعودی فوج کی پانچ بکتر بند گاڑیوں کو تباہ اور اس میں موجود فوجیوں کو ہلاک کردیا- دوسری جانب تسنیم نیوز ایجنسی نے بھی خبر دی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی دستوں نے صوبہ حجہ کے صحرائے میدی سے دشمنوں کا صفایا کرنے کی کاروائی کے دوران سعودی عرب کے آٹھ فوجیوں کو قیدی بنا لیا ہے-