سعودی عرب کے جارحانہ حملوں میں مزید چھ عام شہری شہید
-
ان حملوں میں اس غریب عرب ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سعودی عرب کے جارح لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے ضبیان علاقے میں ایک گاڑی پر حملہ کرکے چھ عام شہریوں کو شہید کردیا-
یمن نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے جارح طیاروں نے عام شہریوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت چھ افراد شہید ہوگئے-
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کو صوبہ صعدہ کے حیدان علاقے کے غافرہ محلے میں بھی رہائشی مکانات پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں چوبیس عام شہری شہید ہوگئے تھے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں دس بچے بھی شامل ہیں جبکہ ہوائی حملوں کا نشانہ بننے والے سبھی رہائشی مکانات مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے -
واضح رہے یمن کے یہ بے گناہ شہری چھبیس مارچ سے سعودی اتحاد کے حملوں اور ان کی جانب سے یمن کے محاصرے کی بناپر شہید ہوئے ہیں۔ سعودی عرب، امارات اور بحرین نے چھبیس مارچ سے سابق اور مفرور صدر عبدربہ منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کے لئے دیگر عرب ملکوں کے ساتھ اتحاد کرکے یمن پر تباہ کن حملے شروع کئے جن میں اب تک ہزاروں یمنی شہری منجملہ بچے اور عورتیں شہید، ہزاروں افراد زخمی اور دسیوں ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں ۔ ان حملوں میں اس غریب عرب ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔