Feb ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۸ Asia/Tehran
  • عراق میں سیکورٹی فورسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی پر حیدر العبادی کی تاکید

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے موصل کی آزادی کے لئے سیکورٹی فورسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی پر تاکید کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم حیدر العبادی نے عراق کے اعلی سیکورٹی عہدیداروں کے ساتھ مشترکہ نشست میں موصل شہر کی آزادی کی کارروائی کا جائزہ لیا۔ موصل شہرعراق کے شمالی صوبے نینوا کا صدر مقام ہے۔

حیدرالعبادی نے تمام عوامی رضاکاروں سے موصل کی آزادی کے لئے عراقی فوج کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ کم سے کم جانی اور مالی نقصان کے ساتھ اس شہر کو آزاد کرایا جا سکے۔ موصل شہر جون دو ہزار چودہ سے دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے میں ہے۔

ادھر داعش گروہ نے موصل کے بعض علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔ داعش گروہ نے بدھ کے روز عراقی شہریوں اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے بعد موصل میں کرفیو نافذ کیا۔ موصل، عراق میں داعش کے سب سے بڑے اڈے میں تبدیل ہو گیا ہے اور یہ دہشت گرد گروہ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر کے اس شہر میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

ٹیگس