عراق کے مغرب میں کئی دیہات آزاد
Feb ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے عراق کے مغرب میں صوبہ الانبار کے کئی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی سیکورٹی فورسز نے فلوجہ کے جنوب میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن کو جاری رکھتے ہوئے کئی علاقوں اور دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
فلوجہ کے بعض علاقوں کو آزاد کرانے کے لیے آپریشن آج صبح شروع کیا گیا۔ اس آپریشن میں عامریہ کے شمال مغرب میں البودعیج کا علاقہ سب سے پہلے داعش کے قبضے سے آزاد کرایا گیا۔
عوامی رضاکار فورس کے ایک عہدیدار جبار المعموری نے کہا ہے کہ عراقی فوج نے رضاکار فورس کی مدد سے الشرقاط کے مغرب میں الجزیرہ کے قریب بہت سے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔