Feb ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کا مقابلہ کرنے کے لیے لبنان کے عوام سے تمام سلام کی درخواست

لبنان کے وزیراعظم نے سعودی عرب کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لبنانیوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تمام سلام نے سعودی عرب کی جانب سے لبنانی فوج کی تین ارب ڈالر کی مالی و فوجی مدد ختم کرنے کے بعد لبنانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اتحاد برقرار رکھتے ہوئے سعودی عرب کے مخاصمانہ اقدامات کا مقابلہ کریں۔ انھوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کا دباؤ جاری رہا تو وہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیں گے۔ لبنان کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ لبنانی حکومت پر آل سعود حکومت کے دباؤ کی وجہ سے لبنانی کابینہ کا کام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

حزب اللہ لبنان نے بھی سعودی عرب کی جانب سے بیروت کی مالی مدد ختم کرنے کو ایک سازش قرار دیا اور کہا ہے کہ اس اقدام نے سعودی عرب کے حقیقی چہرے کو نمایاں کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے حال ہی میں لبنانی فوج کو دی جانے والی اپنی تین ارب ڈالر کی امداد بند کر دی ہے اور اس کے بعد اپنے شہریوں کو لبنان سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت سمیت کئی دیگر عرب ملکوں نے بھی سعودی عرب کی پیروی کرتے ہوئے لبنان سے اپنے شہریوں کو نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

لبنان نے کئی بار امریکہ اور یورپی ملکوں سے درخواست کی ہے کہ وہ لبنان کی فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کریں تاکہ وہ صیہونی حکومت کے حملوں کے مقابل اپنا دفاع کر سکے لیکن ان ملکوں نے اسرائیل کی خاطر لبنان کی اس درخواست کو کبھی درخوراعتنا نہیں سمجھا۔

ٹیگس