یمن: دارالحکومت صنعا پر سعودی عرب کے ہوائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ
-
یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ لوگ شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی عرب کے ہوائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چالیس ہو گئی ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز دوپہر کے بعد سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے خلقہ بازار پر وحشیانہ بمباری کی جس میں کم از کم چالیس افراد جاں بحق اور تیس زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل مرنے والوں کی تعداد پچیس بتائی گئی تھی۔
دریں اثنا العالم ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ہفتے کے روز یمن کے صوبہ مآرب کے علاقے صرواح میں گھروں اور کھیتوں پر کئی بار ہوائی حملے کیے ان حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ جن میں اب تک ہزاروں بے گناہ لوگ شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔