بغداد میں دو بم دھماکے، متعدد شہید اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو بم دھماکوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
عراقی ذرائع کے مطابق یہ دھماکے بغداد کے حسینیہ راشدیہ اور نہروان نامی علاقوں میں ہوئے ہیں۔ اسپتال کے ذرائع نے تین افراد کے شہید اور کم سے کم تیرہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے پیش نظر شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے پہلے اتوار کے روز بغداد کے الصدر سٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں پچاس افراد شہید اور سو کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں فوج اور عوامی رضاکارفورس کے ہاتھوں مسلسل شکست کھانے کے بعد دہشت گردوں نے اب شہری علاقوں اورعام شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کردیاہے ۔عراقی فوج اورعوامی رضاکارفورس اب داعش کے آخری سب سے بڑے گڑھ موصل کی آزادی کی تیاری کررہی ہے ۔