بحران شام سے متعلق مذاکرات تیرہ مارچ تک ملتوی
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے شام کے امن مذاکرات تیرہ مارچ تک ملتوی ہونے کی خبر دی ہے۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اسٹیفن دی میستورا نے ہفتے کے دن کہا کہ مذاکرات کرنے والے فریقوں کے ساتھ مشاورت کے بعد شام کے امن مذاکرات کو تیرہ مارچ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ طے پایا تھا کہ یہ مذاکرات شام کی حکومت اور مخالفین کے نمائندوں کی موجودگی میں نو مارچ کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے۔ دریں اثناء ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر شام میں ستائیس فروری سے جنگ بندی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
البتہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے جنگ بندی کی صورتحال کو متزلزل قرار دیا اور کہا کہ جنگ بندی کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہے لیکن جنگ بندی پر کسی حد تک کامیابی کے ساتھ عملدرآمد ہو رہا ہے اور کوئی بھی اس کا انکار نہیں کرسکتا ہے۔