عراق میں دھماکے، درجنوں افراد شہید اور زخمی
عراق کے صوبہ بابل کے شہر حلّہ میں ایک خوفناک بم دھماکے میں کم از کم ساٹھ عراقی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایک خوفناک بم دھماکہ اتوار کے روز صوبہ بابل کے شہر حلّہ میں ہوا ۔ دھماکہ خیز مواد ایک آئل ٹینکر میں چھپایا گیا تھا جسے حلہ کے علاقے آثار میں واقع ایک پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے سے اڑادیا گیا۔ اس حملے میں کم سے کم ساٹھ افراد شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کم سے کم پینسٹھ زخمیوں کو جائے وقوعہ سے قریب کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشتگرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔
اس سے پہلے مغربی بغداد کے علاقے ابوغریب میں عراقی فوج کی ایک چھاؤنی میں ہونے والے کئی دھماکوں میں دو عراقی فوجی شہید اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔
شمالی بغداد کے سبع البور نامی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں بھی دو عراقی شہریوں کے شہید اور نو دیگر کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔