عراق میں فوجی کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک
عراق میں ہونے والی فوجی کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عراقی جنگی طیاروں نے عراق کے مغرب میں داعش گروہ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ البونمر اور الفرات علاقوں میں ہونے والی اس کارروائی میں داعش کے سولہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں داعش کے دو سرغنے بھی شامل ہیں۔
ایک اور خبر کے مطابق عراقی فوج نے العصریہ گاؤں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ یہ گاؤں الرمادی سے بارہ کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق جون دو ہزار چودہ سے، بہت سے شمالی اور مغربی شہروں پر داعش گروہ کے قبضے کی وجہ سے، شدید بحران سے دوچار ہے البتہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے الرمادی اور تکریت سمیت کئی شہروں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔