سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی یمن میں ایک مسجد پر بمباری
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو یمن میں ایک مسجد پر بمباری کی ہے۔
العہد نیوز ویب سائٹ نےخبردی ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز کے علاقے مسراخ میں الوراق مسجد پر بمباری کر دی- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے تعز کے ہوائی اڈے اور یونیورسٹی کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جبکہ تعز شہر کے رہائشی علاقے بھی سعودی جارحیت سے محفوظ نہیں رہ سکے-
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اس بہانے سے کہ یمن کی عوامی فورس کے جوانوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، صنعا میں ایوان صدر کے قریب جبل النہدین اور یمن کے مغربی علاقے ذی مار پر بھی ہوائی حملے کئے ہیں-
دوسری جانب العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ یمن کے جنوب مغربی صوبے الضالع کے شہر دمت کے مختلف قبائل کے سرداروں نے یمن پر جارحیت کرنے والی سعودی فوج اور اس کی اتحادی افواج کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی قبائل کے متحد ہو جانے پر زور دیا ہے۔