Mar ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی تحریک انصاراللہ  کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ

یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی نے اپنے سابقہ موقف سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

الغد نیوز سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ سے ملاقات میں اعلان کیا ہے کہ وہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں ۔

اس رپورٹ کے مطابق منصور ہادی نے ریاض میں انجام پانے والی اس ملاقات میں کہا ہے کہ صرف دائمی صلح وآشتی ہی یمن کو جنگ و خونریزی سے محفوظ رکھ سکتی ہے اور اس کے لئے وہ انصاراللہ سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں ۔

یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ یمن میں صلح و آشتی کا قیام خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے پیش کردہ فارمولے ، قومی مذاکرات کے نتیجے اور سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق عمل میں آنا چاہئے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی اب تک یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتے رہے ہیں ۔

منصور ہادی کے موقف میں یہ تبدیلی ایسے عالم میں آئی ہے کہ یمن پر جارحیت کے لئے تشکیل پانے والے سعودی اتحاد کے ترجمان جنرل احمد عسیری نے حال ہی میں یمن کی جنگ بند ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے یمن کے بحران کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ یمن پر جارحیت کرنے والے جنگ و خونریزی کے ذریعے اپنا مقصد کبھی حاصل نہیں کرسکیں گے۔

ٹیگس