سعودی عرب اور انصاراللہ کا جنگ بندی پر اتفاق
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے مکمل جنگ بندی کے مقصد سے، اعتماد کی بحالی کے اقدامات شروع کرنے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ مفاہمت کی خبر دی ہے
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے سعودی حکام کے ساتھ اس گروہ کے حکام کی ہونے والی بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل جنگ بندی کے مقصد سے اعتماد کی بحالی کے اقدامات کے آغاز کے لئے، فریقین کے درمیان مفاہمت انجام پائی ہے-
عبدالسلام نے مزید کہا کہ مذاکرات کے پہلے دن ،اعتماد کی بحالی کے پہلے قدم کے طور پر فریقین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ انجام پایا کہ جس کے دوران ایک سعودی قیدی کے بدلے میں سات یمنی قیدی آزاد کئے گئے- اس کے علاوہ قیدیوں اور لاپتہ افراد کی فہرست کا بھی تبادلہ ہوا- انصاراللہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جنگ کے محاذوں پر دونوں فریق کی جانب سے مارے جانے والے اب تک تقریبا ستّر افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور باقی لاشوں کو نکالے جانے کی کوشش جاری ہے- درایں اثنا کویت کے ایک سرکاری عہدیدار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں امن مذاکرات کے اگلے مرحلے کا انعقاد، ممکن ہے اس مہینے کے اواخر میں کویت میں ہو-
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد شیخ نے کہا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی کے ایک معاہدے پراتفاق کیا ہے-
واضح رہے کہ یمن پر گذشتہ ایک برس سے سعودی عرب کے وحشیانہ اور مجرمانہ ہوائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔