انصاراللہ اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے ایک بیان میں سعودی عرب کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والا قیدیوں کا تبادلہ، جنگ یمن سے متعلق انسانی پہلو کا حامل پہلا قدم ہے جو مفاہمت کی صورت میں عمل میں آیا ہے۔ اس ترجمان نے کہا کہ انصاراللہ کے سو اراکین کے عوض سعودی عرب کے نو قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے ایک سال قبل یمن کے اندرونی امور میں کھلی مداخلت اور اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں پہنچانے کی غرض سے جارح عرب ملکوں کا ایک اتحاد تشکیل دے کر امریکہ کی حمایت سے غریب عرب ملک یمن کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا اور جب سے اب تک اس ملک پر ہونے والے وحشیانہ حملوں میں چھے ہزار سے زائد عام شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو بھی مکمل تباہ کر دیا گیا۔