یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی جارحیت
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں کو ایک بار پھر اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا جس میں دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کی صبح یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال میں نہم رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی اور ان رہائشی علاقوں کو تباہ کر دیا۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے جنوب مغربی شہر تعز کے الضباب علاقے پر بھی حملہ کیا۔ جبکہ صوبے مآرب میں صرواح کے علاقے کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ منگل کی رات یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ جارحیت میں دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے گذشتہ ایک سال سے جاری وحشیانہ حملوں میں ہزاروں یمنی شہری شہید اور دسیوں لاکھ بےگھر ہوئے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی شہری تنصیبات پوری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔
یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے حملے اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر انجام پا رہے ہیں جن کے دوران سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمنی شہریوں پر کلسٹر بم بھی برسائے۔ ان حملوں کے دوران اسکولوں اور اسپتالوں کو بھی بری طرح نشانہ بنایا گیا۔
یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے لیکن آل سعود حکومت عالمی برادری کے احتجاج کی پرواہ کئے بغیر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے امریکا کو بھی یمن میں عام شہریوں پر ہونے والے مظالم میں شریک جرم قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے عوام کی انقلابی تحریک کو کچلنے اور معزول صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے بہانے یمن پر جارحانہ حملے شروع کئے تھے۔