Apr ۰۳, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۵ Asia/Tehran
  • عراق: صوبے الانبار میں تیس سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت

عراق کے صوبہ الانبار میں داعش کے خلاف عراقی فضائیہ کی کارروائیوں میں تیس سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

عراق کی فرات نیوز سائٹ کے مطابق اتوار کو صوبہ الانبار کے شہر القائم میں داعش کے ایک ٹھکانے پر عراقی فضائیہ کے حملے میں کم سے کم سولہ دہشت گرد مارے گئے۔

اس رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے صوبہ الانبار کے شہر راوہ میں بھی داعش کے ایک مرکز پر بمباری کی جس میں تیرہ تکفیری دہشت گرد ہلاک اور بارہ سے زائد زخمی ہوئے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی افواج کی مشترکہ ہائی کمان نے داعش کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیوں کی وسعت کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان علاقوں سے نکل جائیں جہاں داعش کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ الانبار کے مرکزی شہر الرمادی میں امن بحال ہونے کے بعد ہزاروں خاندان شہر میں واپس آگئے ہیں۔ رائٹرز نے الرمادی کے ایک مقامی عہدیدار حمید الدلیمی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ داعش کے قبضے کے بعد الرمادی سے چلے جانے والے عراقی باشندے واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔

حمید الدلیمی نے کہا کہ شہر کو داعش کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں اور بموں سے پوری طرح پاک کر دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اب تک تین ہزار کنبے شہر میں واپس آچکے ہیں۔

ٹیگس