ترکی: دیاربکر میں ہونے والے بم دھماکے میں چار فوجیوں کی ہلاکت
ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیاربکر میں فوجیوں کی ایک بس کے راستے میں ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم چار ترک فوجی ہلاک ہو گئے۔
ترکی کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ترک فوج کی بس کے راستے میں ہونے والے بم دھماکے میں چار فوجیوں کے ہلاک ہونے کے علاوہ کم سے کم سترہ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خبروں کے مطابق بس کے راستے میں دس کلو گرام وزنی بم کو ایک کوڑے دان میں رکھا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پچھلے ایک ہفتے میں دیاربکر میں ترک فوجیوں کی بس کے راستے میں یہ تیسرا بم دھماکہ ہے۔
گذشتہ برس جولائی میں ترک حکومت اور پی کے کے، کے چھاپہ ماروں کے درمیان فائربندی کے خاتمے کے بعد سے ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں جن میں تین سو ترک فوجی اور باقی پی کے کے، کے ارکان اور دیگر افراد شامل ہیں۔
اس درمیان ترکی کی پولیس نے ایسے سات مشتبہ افراد کی شناخت کر لی ہے جو ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
ترک پولیس نے سبھی پولیس چیک پوسٹوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دہشتت گردانہ حملوں کی بابت ہوشیار رہیں۔
پولیس نے ان مشتبہ افراد کے نام اور تصاویر سیکورٹی مراکز کے حوالے کر دی ہیں۔ ابھی تک ان مشتبہ افراد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔