سعودی جارحیت میں سیکڑوں بچے مارے گئے ہیں : یونیسیف کا اعلان
یونیسیف نے اعلان کیا ہے کہ دوہزار پندرہ میں یمن پر سعودی جارحیت میں سیکڑوں بچے مارے گئے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے امور کے ادارے یونیسیف نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت میں بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام افسوسناک ہے۔
یونیسیف نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت کے نتیجے میں دوہزار پندرہ میں نو سو بچے جاں بحق ہوئے ہیں ۔
یونیسیف نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ یمن پر سعودی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک تہائی اور زخمیوں میں ایک چوتھائی، بچے ہیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے امور کے ادارے یونیسیف نے اپنے بیان میں یمن پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے فضائی حملوں میں بنیادی شہری تنصیبات، اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں کے تباہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت میں دو ہزار پندرہ میں یمن کے اسکولوں ، کالجوں اور اسپتالوں پر کم سے کم ایک سو پندرہ بار بمباری کی گئی اور اس ملک کے بیشتر تعلیمی ادارے اور اسپتال منہدم ہوگئے ہیں۔
یونیسیف نے یمن پر سعودی جارحیت میں وسیع پیمانے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی نیز بچوں کے حقوق کی پامالی کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی جاری رہے گی اور اٹھارہ اپریل سے کویت میں شروع ہونے والے امن مذاکرات کے نتیجے میں یمن پر حملے اور جنگ و خونریزی کا خاتمہ ہوگا۔