سعودی عرب یمن میں مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے
آل سعود حکومت، یمن میں جنگ بندی کو نظر انداز کرتے ہوئے اس ملک کے مختلف علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے-
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے جمعرات کی شام کو شمالی یمن کے صوبہ جوف کے المتون علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد یمنی شہری زخمی ہوگئے- اس ذریعے نے اسی طرح یہ بھی رپورٹ دی ہے کہ صوبہ الجوف میں جنگ بندی کمیٹی کے اراکین، سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں بال بال بچ گئے- یہ افراد جنگ بندی کے قیام اور اس کے جائزے کے مشن پر تھے-
العالم ٹی وی چینل نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یمن کی فوج اورعوامی رضاکار دستوں نے صوبہ مآرب کے مضافاتی علاقے ملح میں سعودی ایجنٹوں کے حملے کو ناکام بنادیا اور ایک فوجی کمانڈر سمیت متعدد سعودی ایجنٹوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا-
یمن میں جنگ بندی گذشتہ اتوار سے شروع ہوئی ہے تاکہ اٹھارہ اپریل کو کویت میں ہونے والے امن مذاکرات سے متعلق حالات سازگار ہوسکیں- یمن کے خلاف سعودی عرب کے وحشیانہ حملے گذشتہ ایک سال سے جاری ہیں اور عوام ان حملوں کے مقابلے میں اپنی بھرپور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں - سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں اب تک آٹھ ہزار یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار افراد زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں-