عراق کے شمال میں سینکڑوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے شمالی صوبے نینوا کے مرکزی شہر موصل میں عراقی فوج کی کارروائی میں سینکڑوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نینوا کی آپریشن کمان نے بدھ کو اعلان کیا کہ موصل کے جنوب میں مہانہ گاؤں کو آزاد کرانے کی کارروائی میں عراقی فوج کے ہاتھوں دو سو سے زیادہ داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ مہانہ گاؤں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے۔
درایں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے شمال میں مکحول پہاڑیوں پر عوامی رضاکار فورس نے کارروائی کرتے ہوئے داعش کے کم از کم سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں اس گروہ کا ایک سرغنہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے ایک بڑے شہر موصل پر داعش نے دو سال قبل قبضہ کر لیا تھا۔ عراقی فورسز اس کے اطراف میں داعش کے حساس ٹھکانوں کو تباہ کر کے موصل پر حملے اور اس کو آزاد کرانے کے لیے راستہ ہموار کر رہی ہیں۔