سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی بدستور جاری
Apr ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۵ Asia/Tehran
سعودی جارحین یمن کے مختلف علاقوں پر حملے کر کے اس ملک میں جنگ بندی کی خلاف ورزی بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعرات کی رات صوبہ صعدہ، الجوف اور حجہ کی فضائی حدود کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کی۔
سعودی عرب کے ایجنٹوں نے اسی طرح صوبہ صنعا کے شہر نھم میں یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
صوبہ مارب میں بھی سعودی ایجنٹوں نے صرواح شہر کے المشجع علاقے میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
اس سے قبل یمن کے قومی مذاکراتی وفد نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور یمن پر حملے جاری رہنے پر شدید احتجاج کیا تھا۔