Apr ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • یمن کو سعودی حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہے: حمزہ الحوثی

کویت مذاکرات میں تحریک انصار اللہ یمن کے وفد کے رکن نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہنے کی صورت میں سعودی حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہونے پر زور دیا ہے۔

کویت مذاکرات میں تحریک انصار اللہ یمن کے وفد کے رکن حمزہ الحوثی نے المسیرہ ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے کویت میں جاری مذاکراتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری رہنے کی صورت میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کو ان حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ کویت مذاکرات میں یمن کے قومی وفد نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی اور سعودی حملے جاری رہنے کی صورت میں یمن مناسب موقف اختیار کرنے کا حق رکھتا ہے۔

کویت مذاکرات ہفتے کے روز ایک ایسے وقت میں دوبارہ شروع ہو رہے ہیں کہ جب تحریک انصار اللہ نے جنگ بندی کے احترام اور یمن کے محاصرے کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے علاقے کے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر اور امریکہ کی حمایت سے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک ہزاروں افراد شھید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی اسی فیصد سے زائد تنصیبات بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

ٹیگس