حامد کرزئی کو دورہ پاکستان کی دعوت
پاکستان کے وزیر اعظم نے افغانستان کے سابق صدر کو اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے بدھ کے روز کابل میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین سے ملاقات کی۔ رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں حامد کرزی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے خط کی قدردانی کی جس میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزی کو اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
حامد کرزی نے افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی علاقے کی دشمن ہیں جن کے خلاف صداقت کے ساتھ بھرپور مہم چلائے جانے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کے سابق صدر نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے اور انھیں امید ہے کہ ان کا یہ دورہ، علاقے سے تشدد و دہشت گردی کے خاتمے اور افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی پر منتج ہو گا۔
واضح رہے کہ کابل میں انّیس اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کے بعد سے، جس میں چونسٹھ افراد جاں بحق اور تین سو سینتالیس دیگر زخمی ہو گئے تھے، افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے ہیں۔