مغربی عراق میں داعش کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز
May ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۳ Asia/Tehran
عراقی فوج نےمغربی عراق میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس کارروائی کا مقصد رطبہ شہر کو آزاد کرانا ہے جس پر داعش نے دوسال سے قبضہ کر رکھا ہے۔
عراقی فوج کی مشترکہ آپریشن کمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق فوج کے جوان مسلسل رطبہ کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں اور انہوں نے داعش کے متعدد مورچے بھی تباہ کر دیئے ہیں۔ بیان کے مطابق اس آپریشن میں، فوج کے ساتھ، انسداد دہشت گردی فورس، سینٹرل پولیس فورس اور صوبہ الانبار کی پولیس کے علاوہ قبائلی لشکر کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔
عراقی فضائیہ کے طیارے بھی اس کارروائی میں بری فوج کی مدد کر رہے ہیں۔
رطبہ شہر صوبہ الانبار کا اسٹریٹیجک شہر ہے جو عراق اردن شاہراہ پر واقع ہے۔