سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی یمن کے کئی صوبوں پر بمباری
سعودی لڑاکا طیاروں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھتے ہوئے یمن کے کئی صوبوں پر بمباری کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جمعرات کو یمن کے صنعا، تعز، الجوف، مآرب، الضالع، صعدہ، المحویت، الحدیدہ، حجہ اور عمران صوبوں کے مختلف شہروں پر بمباری کی۔ یمن کے شمال مغربی صوبے عمران پر ہونے والے سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں دو افراد شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
سعودی جنگی طیاروں نے شمالی صوبے الجوف کے شہر المصلوب پر دو بار حملہ کیا جس میں کئی عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔ یمن کے جنوب مغربی صوبے الضالع کے شہر قعطبہ پر ہونے والے سعودی ایجنٹوں کے حملے میں بھی پانچ عورتیں اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور علاقے کے بعض عرب ممالک امریکا کی مدد سے یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے کے مقصد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وسیع حملے جارے رکھے ہوئے ہیں۔ سعودی اتحاد کے ان حملوں کے نتیجے میں اب تک یمن کے ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ ان افراد میں سیکڑوں بچے اور عورتیں شامل ہیں۔