May ۱۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • عراق: موصل میں داعش کا سرغنہ ایک ہوائی حملے میں ہلاک

عراق میں داعش گروہ کا سرغنہ عراقی فضائیہ کے حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے فوجی ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل میں ہونے والے عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش گروہ کا سرغنہ ہلاک ہو گیا ہے۔

ان ذرائع نے مزید بتایا کہ مغربی صوبے الانبار کے شمال مشرقی علاقے بروثہ میں ہونے والے میزائل حملے میں بھی داعش گروہ کے چھے دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر صوبہ نینوا کے باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ داعش گروہ کے دہشت گردوں نے موصل شہر میں پینتیس عورتوں کو اغوا کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے جون دو ہزار چودہ میں موصل پر قبضے کے بعد سے اب تک اس شہر کے لوگوں کے خلاف بہت سے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ دوسری طرف عراقی فوج اور عوامی و قبائلی رضاکاروں نے صوبہ الانبار کے شہر الرطبہ سے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر اس شہر کا اسی فی صد علاقہ آزاد کرالیا ہے۔

عراقی فوج اور عوامی و قبائلی رضاکار اسٹریٹیجک شہر الرطبہ سے دہشت گردوں کے پیچھے ہٹنے کے بعد عراقی فضائیہ کی مدد سے شہر میں مشرق کی طرف سے داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے دہشت گردوں کی دفاعی لائنیں کاٹ دیں۔

ٹیگس