عراق: الرطبہ کی آزادی پر وزیر اعظم کی مبارک باد
عراق کے وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں ہمہ جہتی تعاون کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
الیوم السابع ویب سائٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے صوبے الانبار کے جنوب مغرب میں واقع شہر الرطبہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج کے تمام طبقوں کو چاہئے کہ عراق کے تمام علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے مسلح افواج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں شہر الرطبہ میں حاصل ہونے والی کامیابی عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کی بہادری و فدا کاری کا نتیجہ ہے اور اسی جذبے سے عراق کے تمام علاقوں کو آزاد کرا لیا جائے گا۔
عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی نظر میں دہشت گردی کے خلاف مہم کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے بھی تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کا زور اب ٹوٹ چکا ہے اور وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں اور ٹھکانوں کا تحفظ کرنے پر قادر نہیں رہے ہیں اور ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف عراقی فوج اور عوامی رضاکار دستوں کی کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے اردن کی سرحد سے ملے عراق کے اہم اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل شہر الرطبہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
یہ شہر صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کے مغرب میں تین سو دس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔