عراق میں داعش کے خلاف کارروائی
عراقی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے ساڑھے تین سو سے زائد عام شہریوں کو داعش سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کی فوج اور عوامی رضا کار دستوں نے صوبہ اربیل کے علاقے مخمور میں داعش کے محاصرے سے ساڑھے تین سو عام شہریوں کو نجات دلائی ہے۔
عراقی فوج نے اسی طرح شہر فلوجہ میں بھی بہت سے لوگوں کو داعش کی قید سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ میں داعش کے ہاتھوں اسیر تقریبا تیس گھرانوں کے سو سے زائد بچوں اور عورتوں کو رہا کرا لیا ہے اور انہیں پر امن مقام پر منتقل کر دیا ہے-
عراقی فوج نے شہر فلوجہ کے عوام سے کہا ہے کہ اس شہر سے نکلنے کے لئے پوری طرح آمادہ رہیں۔
عراق کے سرکاری ٹیلیویژن کے مطابق فوج نے فلوجہ کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ شہر سے نکلنے کے لئے تیار رہیں ۔ اس رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے بتایا ہے کہ شہر فلوجہ سے عوام کو نکالنے کے لئے پلاننگ کی جا چکی ہے ۔ فوج نے بتایا ہے کہ عنقریب شہر سے نکلنے کے لئے عوام کو پر امن راستے کی اطلاع دی جائے گی ۔
عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراق کی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے صوبہ الانبار میں البغدادی اور الحدیثہ کے درمیان سولہ دیہی علاقوں کو بموں اور بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا ہے۔