May ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • فلوجہ کی آزادی عنقریب: عراقی وزیراعظم حیدر العبادی

عراق کے وزیر اعظم نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے عنقریب آزاد ہوجانے کی خبر دی ہے۔

سومریہ نیوز کے مطابق وزیر اعظم حیدرالعبادی نے پیر کو فلوجہ کی آزادی کے لئے شروع ہونے والے آپریشن کے علاقے میں جاکر آپریشن کے سینیئر کمانڈروں سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم حیدرالعبادی نے اس ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ فلوجہ کو آزاد کرانے کے آپریشن میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے اور آئندہ چند روز میں فلوجہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا۔

حیدرالعبادی نے بتایا کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کی تیاری دو ماہ قبل مکمل کرلی گئی تھی لیکن سیاسی مسائل اور بغداد کے حالیہ واقعات کی وجہ سے اس آپریشن میں تاخیر ہوئی ۔

عراق کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر وزیر اعظم حیدرالعبادی نے کہا کہ عراقی افواج کی پش قدمی نے داعش کو وحشت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں فوج، پولیس، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور صوبہ الانبار کے قبائلی لشکر کے دستے شریک ہیں ۔

دوسری طرف فلوجہ آپریشن کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج مشرقی سیکٹر سے شہر فلوجہ میں داخل ہوگئی ہیں اور شمالی سیکٹر سے عراقی افواج شہر فلوجہ کے شمال میں واقع پل السجر تک پہنچ گئی ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی السجر میں داعش کے بم بنانے کے ایک کارخانے پر بمباری کرکے اس کو تباہ کر دیا ہے ۔ اس فضائی حملے میں کم سے آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ فلوجہ کی آزادی کا آپریشن اتوار کو وزیر اعظم حیدرالعبادی کے فرمان سے شروع ہوا ہے۔

ٹیگس