فلوجہ میں الحشد الشعبی کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے کی داعش کی سازش
عراق کے شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ہی دہشت گرد گروہ داعش، اس شہر میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے میں کوشاں ہے-
المسلہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز عراق کے صوبہ الانبار میں شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی تکفیری گروہ داعش نے اپنے افراد سے کہا ہے کہ وہ الحشد الشعبی کا لباس پہن کر فلوجہ کے قیدیوں کا قتل عام کریں اور اس کی ویڈیو فلم بھی تیار کریں- داعش گروہ اس ویڈیو فلم کو، فلوجہ کے سنی باشندوں کے خلاف عوامی رضاکار فورس کی انتقامی کارروائی کے عنوان سے شائع کرکے، شیعہ اور سنی کے درمیان اختلاف ڈالنے کے درپے ہے-
داعش دہشت گرد گروہ نے اسی طرح اپنے افراد کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس سے مقابلے کے لئے گھروں، مسجدوں اور دفاتر میں بم بلاسٹ کریں- اس دہشت گرد گروہ نے کہا ہے کہ جو افراد بھی عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ساتھ تعاون کریں گے ان کو قتل کردیا جائے گا-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی دستے، فلوجہ کے عوام کے ساتھ اعلی ترین انسانی و اسلامی اخلاق کے ساتھ پیش آرہے ہیں اور وہ اس شہر کو آزاد کرانے میں قانونی اور انسانی اصول و ضوابط پر پوری طرح کاربند ہیں- در ایں اثنا سعودی ذرائع ابلاغ اور عراق میں سعودی عرب کے قریبی سیاسی گروہوں نے عراقی فوج اور رضاکار فورس کے خلاف تشہیراتی جنگ شروع کردی ہے-