May ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں میں دسیوں افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے الجوف کے ایک رہائشی علاقے پر بمباری کر کے کم سے کم چھے عام شہریوں کو شہید اور آٹھ دیگر کو زخمی کر دیا۔ المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کے جیٹ طیاروں نے بدھ کو یمن کے صوبے الجوف کے شہر حریب القرامیش کے رہائشی علاقے پر بمباری کر دی جس میں چھے عام شہری شہید اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے جبکہ متعدد رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

سعودی فوج کے توپخانوں نے بھی صوبہ لحج کے تبن شہر کے رہائشی علاقے پر گولہ باری کر کے چھے عام شہریوں کو شہید کر دیا جن میں تین بچے شامل ہیں۔ اس درمیان سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے لحج صوبے کے حوطہ شہر پر بھی بمباری کی جس میں ایک ہی گھر کے چار افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

گذشتہ برس چھبیس مارچ سے یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی اور زمینی حملے جاری ہیں جن کے نتیجے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس غریب عرب ملک کی اسّی فیصد بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔

سعودی عرب کے حملوں کے باعث یمن کے لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس