May ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی عرب کے ذریعےکلسٹر بموں کے استعمال کرنے کا امریکی اعتراف

یمن کی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو کلسٹر بموں کی فراہمی بند کرنے کا امریکی اقدام اس بات کا اعتراف ہے کہ آل سعود نے یمن میں ان بموں کا استعمال کیا ہے-

اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصاراللہ کے رکن ناصر محفوظ نے کہا ہے کہ امریکہ نے سعودی عرب کو کلسٹر بموں کی فراہمی جو بند کی ہے اس کا سبب، یمن میں عام شہریوں کے جانی نقصان میں اضافے سے ہونے والی تشویش ہے اور یہ مسئلہ ریاض کی جانب سے ان بموں کے استعمال کے سلسلے میں واشنگٹن کے اعتراف کا آئینہ دار ہے کہ جس کا استعمال عالمی سطح پر ممنوع قرار دیا گیا ہے-

ناصر محفوظ نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے خاتمے کے بعد تحریک انصاراللہ، سعودی عرب کے جرائم کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں شکایت کرے گی-

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی ممالک کی جانب سے یمن کے شہری علاقوں پر کلسٹر بموں سے بمباری کے سبب امریکہ نے سعودی عرب کو ان بموں کی فراہمی روک دی ہے۔

تحریک انصاراللہ کے اس رکن نے کویت میں امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ریاض کے وفد کی جانب سے مذاکرات میں روڑے اٹکائے جانے اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کے پیش نظر مذاکرات کے کسی نتیجے پر پہنچنے کا امکان ، ماہ رمضان کے اختتام سے قبل بہت کم ہے-

ناصر محفوظ نے یمن میں انسانی صورتحال کے بارے میں خبردار کیا اور کہا کہ صوبہ تعز میں پانی، بجلی ، ایندھن اور طبی سہولیات کا فقدان ہے اور حالات انتہائی ابتر ہیں-

ٹیگس