May ۳۰, ۲۰۱۶ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • یمن میں منصور ہادی سے وابستہ مسلح عناصر ہلاک

یمنی ذرائع نے یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی سے وابستہ متعدد مسلح افراد کے مارے جانے کی خبر دی ہے-

المسیرہ چینل کے مطابق جنوبی یمن کے صوبے شبوہ میں یمنی فوج اور تحریک انصاراللہ کے جوانوں کے ساتھ منصور ہادی کے مسلح عناصر کی جھڑپ میں اٹھارہ جنگجو مارے گئے- یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ شبوہ کے شہرعسیلان میں سعودی فوجیوں کو گھسنے سے روک دیا-

یمنی حکام کے مطابق آل سعود حکومت نے، جو عرب اتحاد کے نام سے موسوم گروہ کی سربراہی کر رہی ہے، زمینی جنگ میں شکست اور یمن کی فوج اورعوامی فورسز سے مقابلے میں ناتوانی کے بعد عام شہریوں کے خلاف حملے مزید تیز کردیے ہیں۔

سعودی عرب اور چند دیگرعرب ممالک، امریکا کے ساتھ مل کر گذشتہ سال چھبیس مارچ سے یمن کے خلاف ہوائی اور بحری حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں زیادہ تراسپتالوں، اسکولوں، سروسز مراکز، دیگر بنیادی تنصیبات اور عوام کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے- اب تک ان حملوں میں ہزاروں یمنی شہید ہوچکے ہیں- شہید ہونے والوں میں سیکڑوں عورتیں اور بچے شامل ہیں-

سعودی عرب، علاقے کے غریب ترین عرب ملک پر حملہ کرکے یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانا اور یمن کے شہروں میں سیکورٹی فراہم کرنے والی عوامی تحریک انصاراللہ کو اقتدار سے دور رکھنا چاہتا ہے-

یمن کی فوج اور عوامی فورسز، سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور ملک کے اکثر شہروں کا کنٹرول بھی انہیں کے پاس ہے- علاوہ ازیں یمن کی فوج اور عوامی فورسز القاعدہ اور داعش دہشت گرد گروہ سے بھی لڑ رہی ہیں جن کو سعودی عرب کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد حاصل ہے-

اکثر سیاسی مبصرین کے مطابق یمن پر سعودی عرب کی جارحیت غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی دوسری شکل ہے-

ٹیگس