Jun ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • عراقی وزیراعظم اور اسپیکر کی فلوجہ کے قریب فوجی کمانڈروں سے ملاقات

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی اور پارلیمنٹ کے اسپیکرسلیم الجبوری نے فلوجہ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیوں میں شریک فوجی کمانڈروں سے ملاقات کی ہے۔

لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ عراق کے وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر حیدر العبادی اور سلیم الجبوری نے فلوجہ کے قریب واقع فوجی چھاؤنی الطارق پہنچ کر فوجی کمانڈروں سے ملاقات کی اور فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں

عراقی وزیراعظم نے فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں حاصل ہونے والی اب تک کی کامیابیوں پرفوجی جوانوں اور کمانڈروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فوجی جوانوں، کمانڈروں اور عوامی رضاکار فورس کے جیالوں کی بہادری اور فداکاری قابل تعریف ہے- انہوں نے فلوجہ شہر میں پھنسے عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عراقی فوج سے کہا کہ وہ حتمی کامیابی تک دہشت گردوں کےخلاف جنگ جاری رکھے

عراق کی پارلیمنٹ کےاسپیکر سلیم الجبوری نے بھی عراقی فوج کی مدد و حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ داعش کے قبضے سے عراق کے وسیع علاقوں کی آزادی عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کی فداکاریوں اور قربانیوں کی ہی بدولت ممکن ہوسکی ہے۔

 

ٹیگس