عراقی فوج ، شہر فلوجہ کے مرکز میں داخل ہوگئی
عراق فوج شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے مرکز میں داخل ہوگئی ہے-
سومریہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مغربی عراق کے صوبے الانبار کے شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس الصقلاویہ مرکز کے قریب پہنچ گئی ہے، اور دوسری طرف فوج اور عوامی دستوں نے فلوجہ کے جنوبی علاقے حی الشہداء سے پیشقدمی شروع کردی ہے-
در ایں اثنا اس علاقے میں فوج نے چاروں طرف سے داعش گروہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور اس علاقے سے باہراس کی دسترس کے راستے منقطع کر دیئے ہیں-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے ترجمان " جواد الطلیباوی" نے کہا ہے کہ سعودی عرب جیسے داعش کے حامی بعض ممالک، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ وہ فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی بند کردیں- الطلیباوی نے کہا کہ ہم العبادی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیرونی دباؤ میں نہ آئیں اور دہشت گردوں کے چنگل سے عراق کی سرزمین کو آزاد کرانے کی عراقی قوم کی خواہش کا احترام کریں-
واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سعودی سفیر " ثامر السبھان " اس کوشش میں ہے کہ فلوجہ میں چھتیس گھنٹہ جنگ بندی کی مہلت حاصل کرنے کے ساتھ ہی دہشت گردوں کو فلوجہ سے باہر نکال لے-