Jun ۰۵, ۲۰۱۶ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے، اسماعیل ولد الشیخ احمد
    یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے، اسماعیل ولد الشیخ احمد

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اس ملک کے جنوب مغرب میں واقع شہر تعز پر سعودی اتحاد کے حملے کی مذمت کی ہے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے یمن کے شہر تعز پر سعودی اتحاد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعز پر حملہ ان عام شہریوں کے رنج و غم میں اضافے کا باعث بنا ہے کہ جو سخت و دشوار حالات میں زندگی گزار رہے ہیں-

واضح رہے کہ یمن کے شہر تعز کے ایک بازار پر سعودی اتحاد کے حملے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں- ولد الشیخ احمد نے اس بازار پر حملے کو، جو بھاری ہتھیاروں سے کیا گیا، غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے- اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے کہا کہ یمن کی صورتحال میں بہتری کا تعلق ایسے ہمہ گیر سیاسی حل سے ہے جو تمام علاقوں میں امن و امان کے قیام کو ضمانت فراہم کرسکے-

واضح رہے کہ یمن کے بے گناہ شہری گذشتہ سال چھبیس مارچ سے، سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں اور یمن کے محاصرے کے نتیجے میں شہید ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب، امارات اور بحرین نے گذشتہ سال چھبیس مارچ سے سابق اور مفرور صدر منصورہادی کو دوبارہ اقتدار میں واپس لانے کے لئے دیگر عرب ملکوں کے ساتھ اتحاد کرکے یمن پر تباہ کن حملے شروع کئے تھے جو اب بھی جاری ہیں اور ان حملوں میں اس غریب عرب ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یمن پر جاری سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں -

ٹیگس