عراق : فلوجہ میں عوامی رضاکار فورس کی جانفشانی
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ترجمان کریم النوری نے تاکید کی ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے جوان اپنی جانوں کی بازی لگا کر فلوجہ میں عام لوگوں کی جانیں بچا رہے ہیں۔
عراق کی خبر رساں ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق کریم النوری نے پیر کے دن تاکید کی کہ عوامی رضاکار فورس کے جوان فلوجہ میں محاصرے کے شکار خاندانوں کی نجات اور ان کو بے گھر افراد کے کیمپوں میں پہنچانے کے لئے اپنی جانوں کی بازی لگا رہے ہیں۔
کریم النوری کا مزید کہنا تھا کہ تمام عوامی رضاکاروں نے فلوجہ شہر کے مضافاتی علاقوں کی آزادی کے سلسلے میں اپنے تمام فرائض پر عمل کیا ہے اور وہ چاروں طرف سے عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے قریب ہیں اور ان کی مدد کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے کی صورت میں وہ آپریشن میں شامل ہونے کی آمادگی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکار، اسلامی استقامت کے گروہ، عوامی رضاکار فورس کے جوان اور قبائلی جوان فلوجہ شہر کے اندر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں محاصرے کے شکار ہزاروں خاندانوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کر چکے ہیں۔