فلوجہ شہر کی جانب عراقی افواج کی پیشقدمی
عراقی افواج نے فلوجہ شہر کے جنوب میں حیی الشہدا علاقے میں اہم پیشقدمی کی ہے
صوبہ الانبار میں ایک سیکورٹی عہدیدار نے بدھ کو بتایا کہ عراقی افواج نے بدھ کو فلوجہ شہر کے جنوب میں واقع الشہدا علاقے کے مرکز میں داعش کے ٹھکانوں کی جانب اہم پیشقدمی کی ہے - مذکورہ سیکورٹی عہدیدار نے بتایاکہ عراقی افواج نے داعش کے دہشت گردوں سےگھمسان کی جنگ کے بعد اس علاقے کی جانب پیشقدمی کی ہے -
خبروں میں کہا گیا ہے کہ داعش کے عناصر نے عراقی افواج کی پیشقدمی کو روکنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے - اس درمیان اطلاعات ہیں کہ عراقی افواج نے فلوجہ شہر کے اطراف میں، الیتامی البواھوا، البوجاسم اور البوخریبط نامی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے -
دوسری جانب عراقی فوج کا ایک بڑا دستہ فلوجہ شہر کے اندر فیصلہ کن کارروائی انجام دینے کے لئے اس کے مشرقی مضافات میں پہنچ گیاہے -
واضح رہے کہ عراقی افواج، فلوجہ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے پچھلے دوہفتے سے کارروائیاں انجام دے رہی ہیں-