Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • عراق فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے پر‏عزم

عراقی حکومت نے فلوجہ کو داعش کے قبضے آزاد کرانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے کہا ہے کہ عراقی فورسز فلوجہ سٹی کو پوری طرح سے آزاد کرانے کے کوشش کر رہی ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم جعفری نے جو بیروت میں اپنے قیام کے دوران لبنان کے وزیراعظم تمـّام سلام کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے، فلوجہ کی آزادی کے لئے کئے جانے والے کامیاب فوجی آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی مسلح افواج اس شہر کو مکمل طور سے آزاد کرانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلوجہ کے شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

عراق کے وزیر خارجہ نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ ایران کے فوجی مشیر خصوصا "جنرل قاسم سلیمانی" دیگر ملکوں کے فوجی مشیروں کی مانند حکومت عراق کی دعوت پر عراق آئے ہیں۔

عراق کی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے بھی حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی مشیر عراق میں تعینات دنیا کے مختلف ملکوں کے پانـچ ہزار فوجی مشیروں کے ہمراہ دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عراق دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تعلق سے مختلف ملکوں کے فوجی مشیروں سے فائدہ اٹھا رہی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران انہی ملکوں میں سے ایک ہے۔

عراق کے فوجی اور سیاسی رہنماؤں کے ان بیانات کو سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے اس بیان کا جواب قرار دیا جار رہا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم عراق میں قاسم سلیمانی کی موجودگی کے مخالف ہیں۔

عادل الجبیر جو اپنے غیرمعقول بیانات کے با‏عث خاصے مشہور ہیں، کہا ہے کہ قاسم سلیمانی چاہے عراقی حکومت کی دعوت پر آئے ہوں یا دعوت کے بغیر ہم عراق میں ان کی موجودگی کے مخالف ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے عراق میں ایران کے فوجی مشیر کی موجودگی کی ایک ایسے وقت مخالفت کی جارہی ہے کہ عراق میں امریکا کنیڈا اور برطانیہ سمیت مختلف یورپی ملکوں کے ہزاروں فوجی مشیر تعینات ہیں۔

 

 

 

 

 

ٹیگس