Jun ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں داعش کے لئے امداد جمع کئے جانے پر عراق کا اعتراض

عراق نے فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کے تعلق سے سعودی حکومت کی فتنہ انگیزی اور مداخلت پر سخت اعتراض کیا ہے۔

بغداد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں داعش کے لئے مالی امداد جمع کئے جانے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے اس سلسلے میں وضاحت طلب کی ہے۔

عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بارے میں ناشائستہ بیانات کا سلسلہ بند کرے۔ عراقی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اس ملک کے سیکورٹی دستوں کا حصہ ہے اور اس کے بارے میں ناشائستہ بیان عراقی افواج اور اس ملک کے سیکورٹی دستوں کی توہین ہے ۔

عراق کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں بعض گروہوں کی جانب سے داعش کے لئے مالی امداد جمع کرنے کا اقدام ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ریاض حکومت ملک میں داعش کے لئے مالی امداد جمع کرنے کی کارروائیوں کو نہیں روک سکتی کیونکہ بقول اس کے یہ کارروائیاں سعودی عرب کے عوام کے جذبات سے تعلق رکھتی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی سعودی حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان منصور الترکی نے کہا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی شرکت کی وجہ سے بقول ان کے سعودی عوام داعش کے لئے مالی امداد جمع کر رہے ہیں ۔

سعودی حکومت اور عراق کے دوسرے دشمن، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے تعلق سے تفرقہ انگیز پروپیگنڈے کر رہے ہیں ۔ سعودی ذرائع ابلاغ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کو شیعہ اور سنی جنگ ظاہر کرکے عرب ملکوں کے سنی عوام کے جذبات بھڑکانے اور انہیں داعش کی حمایت پر ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جبکہ حقیقت یہ ہے کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ساتھ ہی سنی قبائلی لشکر بھی برابر کا شریک ہے۔

سعودی حکومت کے ساتھ ہی اس کی بعض اتحادی حکومتوں نے بھی فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عراقی افواج کی کامیابی پر منفی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایسے بیانات دیئے ہیں جو عراق کے داخلی امور میں مداخلت اور داعش کی حمایت کے مترادف ہیں ۔

سعودی عرب میں داعش کے لئے امداد جمع کرنے کا کام ایسی حالت میں جاری ہے کہ سعودی حکومت امریکا کے نام نہاد داعش مخالف اتحاد میں شامل ہے۔

 

ٹیگس