کسی بھی دوسرے ملک کو فلوجہ آپریشن میں مداخلت کا حق حاصل نہیں
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے صوبہ الانبار میں واقع فلوجہ شہر کی آزادی کے لئے کئے جانے والے آپریشن میں ہر طرح کی غیر ملکی مداخلت کی مخالفت کی ہے۔
ابراہیم جعفری نے المیادین ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فلوجہ کی آزادی کے لئے کئے جانے والے آپریشن کی ذمےداری صرف عراق کی سیکورٹی فورسز کی ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کو اس آپریشن میں دخل دینے کا حق حاصل نہیں ہے۔
ابراہیم جعفری نے دہشت گردی کے مقابلے کے لئے ہر ملک کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حمایت عراق پر دباؤ ڈالنے کی کوشش میں تبدیل نہیں ہونی چاہئے۔
عراقی وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عراق کی سیکورٹی فورسز عربوں کی نمائندگی میں دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور وہ مقبوضہ شہروں کو آزاد کرانے کے آپریشن کے دوران فوجی ٹیکٹیکس استعمال کرنے کے علاوہ فلوجہ کے باشندوں کو دہشت گرد گروہ داعش سے نجات دلانے کو بھی مدنظر رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے تیئیس مئی سے صوبہ الانبار میں واقع فلوجہ شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کر رکھا ہے اور وہ اب تک وسیع سرزمین کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کروا چکی ہیں۔
فلوجہ آپریشن میں عراق کی فوج، عوامی رضاکار فورس، پولیس اور قبائلی جوان حصہ لے رہے ہیں۔