Jun ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • عراقی فوج فلوجہ کے مرکز کے قریب پہنچ گئی

عراقی فوج، عوامی رضاکار، اور اہلسنت قبائلی لشکر کے جوانوں نے فلوجہ میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید اہم علاقوں کو آزاد کرانے کے بعد قومی پرچم لہرا دیا ہے۔

عراق کے عسکری ذرائع کے مطابق عراقی فوج، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی لشکر کے جوانوں نے جنوبی سیکٹر سے فلوجہ شہر کی جانب پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، الشقق السکینہ نامی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور سے آزاد اور اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا ہے۔ اس کارروائی میں کم سے کم تیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمال کی جانب سے بھی پیشقدمی کرتے ہوئے ارزکیہ، بکارہ اور زغارید نامی علاقوں میں داعشی دہشت گردوں کے مورچے تباہ اور انہیں ان علاقوں سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ آزاد کرائے جانے والے علاقوں کو شمالی فلوجہ میں داعش کے مضبوط ترین مورچے سمجھے جاتے ہیں۔ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فلوجہ آپریشن کے کمانڈر عبدالوہاب الساعدی نے بتایا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس کے جوان فلوجہ کے مرکز سے صرف پندرہ سو میٹر کے فاصلے پر تعینات ہیں۔

عراقی فوج کے ایک اعلی افسر خالد الدلیمی نے بتایا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس نے چار سیکٹروں سے فلوجہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور دیگر شہروں سے اس کا رابطہ مکمل طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق جنوبی فلوجہ کے علاقے شیلاویہ اور شارع الستین پر ہونے والے چار دہشت گردانہ بم دھماکوں میں عراقی فوج، اور پولیس کے بیس جوان شہید اور پچیس دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

دہشت گرد گروہ داعش آزاد ہونے والے علاقوں میں بحالی کے کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے بم دھماکے اور دہشت گردانہ حملے کر رہا ہے۔

فلوجہ کی آزادی کے آپریشن شروع ہونے کے بعد سے سعودی عرب سمیت داعشی دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے خطے کے بعض ممالک اسے روکنے اور ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس