عراق میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراق کی فضائیہ نے فلوجہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
عراق کی خبر رساں ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق جنگ عراق کے امور کے انفارمیشن سینٹر نے منگل کے دن ایک بیان میں کہا کہ عراق کی فضائیہ نے فلوجہ شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے عراق کی سیکورٹی فورسز کو فلوجہ پر حملوں سے روکنے کے مقصد سے رمادی کے شمال میں واقع البوریشہ، جریشہ اور طوی نامی علاقوں پر حملے کئے لیکن ان کو عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی استقامت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جھڑپ میں کم از کم چالیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
فلوجہ آپریشن تئیس مئی سے شروع ہوا ہے اور اس میں عراق کی فوج، عوامی رضاکار فورس، پولیس اور قبائلی جوان حصہ لے رہے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اب تک دو اہم اور اسٹریٹیجک شہروں الکرمہ اور الصقلاویہ نیز سینتالیس دیہاتوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔