فلوجہ میں عراقی فوج کی پیشقدمی جاری، داعش کے گرد گھیرا مزید تنگ
عراقی سیکورٹی فورس نے فلوجہ کے مزید دو علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی پولیس فورس کے سربراہ جنرل شاکر جودت نے بتایا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکاروں نے داعش کے دہشت گردوں کو فلوجہ کے جنوبی علاقے الرسالہ اورالخضرا سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلوجہ شہر میں داعش کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جنگی کمانڈ کمیٹی نے بتایا ہے کہ عراقی فوج نے عام لوگوں کے ساتھ فلوجہ سے فرار ہونے کی کوشش کر نے والے پانچ سو داعشی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ پناہ گزیناں کے مطابق بائیس مئی سے اب تک تقریبا تینتالیس ہزار افراد فلوجہ شہر سے فرار ہو کے عراقی فوج کے کنٹرول والے علاقوں میں آ گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ تقریبا چالیس ہزار عراقی شہری اب بھی داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں ناگفتہ بہ صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں۔
عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے تیئیس مئی کو فلوجہ کو آزاد کرانے کے لیے بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا۔ وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ فلوجہ کی مکمل آزادی تک فوجی آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔