عراق: فلوجہ میں عراقی فوج کی کامیابیاں مسلسل جاری
عراق کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ فلوجہ شہر میں عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی پیشقدمی مسلسل جاری ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے کہا ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکار فلوجہ کی آزادی کا آپریشن جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے جنوب میں واقع نزال نامی علاقے میں داخل ہوگئے ہیں۔
عراقی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ نینوا میں بھی فوج نصر دیہات کو آزاد کرانے اور دہشت گردوں کو کافی نقصان پہنچانے کے بعد صلاحیہ نامی دیہات کی جانب پیشقدمی کر رہی ہے۔
عراق کی فیڈرل پولیس کے سربراہ رائد شاکر جودت نے فلوجہ کی آزادی کے پہلے مرحلے کے آغاز پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلوجہ میں عام شہریوں کی موجودگی اس شہر کی آزادی سے متعلق آپریشن کی رفتار کم ہونے کا باعث بنی ہے۔
رائد شاکرجودت کا کہنا تھا کہ صرف ایک دن میں فلوجہ کا پچیس فیصد مرکزی علاقہ مکمل طور پر آزاد ہو چکا ہے اور ایک سو چورانوے دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بہت سے دہشت گرد فرار ہوگئے ہیں۔